بجلی صارفین پر مزید 10 ارب 54 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے تیسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی۔
بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو دو روز ہوئے ہیں اور بجلی صارفین پر مزید 10 ارب 54 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں، کیوں کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے درخواست دائر کردی ہے جس میں کمپنیوں نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے۔
نیپرا کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت 15 جون کو ہوگی، جس میں ٹیسکو نے 4 ارب 34 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی ہے، پیسکو نے 2 ارب 7 کروڑ، گیپکو کی 1 ارب 97 کروڑ روپے، آئیسکو نے ایک ارب روپے، میپکو نے ایک ارب 80 کروڑ وپے اور حیسکو نے 1 ارب 91 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے۔