نوازشریف کی شہبازشریف کو پارٹی رہنماؤں کو متحرک کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پارٹی صدر شہبازشریف کو پارٹی رہنماؤں کو متحرک کرنے کی ہدایت کردی، حکومت مخالف تحریک تیز کی جائے اور پی ڈی ایم کو بھی متحرک کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے پارٹی صدر شہباز شریف نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، شہباز شریف نے کل ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس سے متعلق مشاورت کی۔
دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک تیز کرنے اور پی ڈی ایم کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔ نوازشریف نے شہبازشریف کوپارٹی سطح پر لیگی رہنماؤں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہبازشریف پی ڈی ایم اجلاس سے متعلق کل پارٹی رہنماؤں سے مشاورت بھی کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت بہت غیرمستحکم ہوچکی، کسی بھی وقت انتخابات ہوسکتے ہیں، پیپلزپارٹی نے الیکشن کی تیاری کرلی، بڑی بڑی سیاسی شخصیات دھڑا دھڑ پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہیں، چند روز میں واشنگٹن کا دورہ کروں گا پھران کی چیخیں سنیں گے۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کی بڑی عزت کرتے ہیں، اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہوتی اور جموری انداز میں سیاست کیا جاتا تو ہم نقصان پہنچاسکتے تھے، جب تک پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ تھی تب تک اپوزیشن مسلسل جیت رہی تھی، ضمنی الیکشن بھی جیت گئے، اس سے پتا چلا عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ ہم نے اسلام آباد میں اپنا سینیٹر منتخب کروایا، اگر اپوزیشن آج بھی سنجیدہ ہے اور پہلے عثمان بزدار اور پھر وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو ان کو پتا چلے گا کون اپوزیشن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
