یشما گِل اور ارمینا، دانیہ کے حق میں بول پڑیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایم این اے عامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال کے بعد سے اُن کی تیسری بیوی دانیہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں معروف اداکارائیں یشما گِل اور ارمینا خان، اُن کے دفاع میں بول پڑیں۔
یشما گِل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’دانیہ کا پیچھا چھوڑ دیں، اسی تنقید کی وجہ سے ایک جان چلی گئی ہے، اب دوسری زندگی لینے کا خطرہ نہ لیں‘۔

اداکارہ نے کہا کہ ’سارے حساب اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں، دانیہ نے غلط کیا یا اچھا کیا، اس کا فیصلہ اللّٰہ تعالیٰ کو کرنے دیں‘۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’دوسروں کی نجی زندگیوں کے بارے میں فیصلہ کرنے والے ہم کون ہوتے ہیں؟‘دوسری جانب ارمینا خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’دانیہ نے عامر لیاقت کو مارا ہے‘۔

اس پوسٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے ارمینا خان نے کہا کہ ’آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ عامر لیاقت کے بعد اب ایک کم عُمر لڑکی کو تنگ کیا جائے گا؟‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کیا آپ لوگوں نے عامر لیاقت کے انتقال سے کچھ نہیں سیکھا؟‘
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر دانیہ کو عامر لیاقت حسین کے انتقال کا ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے کیونکہ اُنہوں نے اپنے شوہر کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک کی تھیں۔