ملک میں معاشی تباہی کے بعد اب نئی مصیبت کورونا کی شکل میں اٹھ گئی، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی تباہی کے بعد اب نئی مصیبت کورونا کی شکل میں اٹھ گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں کورونا کی شرح 10فیصد سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
ملک میں معاشی تباھی کے بعد اب نئ مصیبت کرونا کی شکل میں اٹھ گئ ہے، کراچی اور حیدر آباد میں کرونا کی شرح 10فیصد سے بھی زیادہ ہو گئ ہے اسلام آباد اور لاہور میں بھی کرونا پھر بڑہ رہا ہے ڈر ہے یہ نالائق ترین ٹیم ہمیں معاشی عذاب کے بعد کرونا کے عذاب میں نہ مبتلا کر دے #coronavirus
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 21, 2022
پی ٹی آئی سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور میں بھی کورونا پھر بڑھ رہا ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ڈر ہے یہ نالائق ترین ٹیم ہمیں معاشی عذاب کے بعد کورونا کے عذاب میں نہ مبتلا کر دے۔
پاکستان میں کورونا کے 113 نئے کیسز رپورٹ، 1 مریض جاں بحق
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کا 1 مریض انتقال کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.20 فیصد ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار 406 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور اس دوران ملک میں کورونا کے 113 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 85 مریض شفایاب ہو چکے ہیں جبکہ 58 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔واضح رہے کہ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 384 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 32 ہزار 266 ہو چکی ہے۔