پاکستانی عوام مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں زلزلے کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باعث صدمہ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثر افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے۔واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت کئی شہروں میں خوفناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی۔زلزلے کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پکتیکا میں ہونے کی اطلاعات ہیں جہاں ڈھائی سو سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے 6.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 950 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔