نور مقدم قتل کیس; فرانزک سائنس ایجنسی میں بھی ملزم نے قتل کا اقرار کیا

اسلام آباد ّ(قدرت روزنامہ)نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔ قومی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق اسلام آباد پولیس کو نور مقدم قتل کیس کی فرانزک رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ظاہر جعفر کے کپڑوں پر نور مقدم کا خون پایا گیا۔ واقعہ کی فارنزک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ملزم ظاہر جعفر نے قتل سے پہلے مبینہ طور پر نور مقدم سے جنسی زیادتی بھی کی۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر نے قتل کرنے سے پہلے نور مقدم کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بھی بنایا اور اسے چھوٹی سی خراب چھری سے قتل کیا، جس میں چار گھنٹے لگائے۔ مقتولہ کی بائیں طرف چھاتی کو بھی بُری طرح زخمی کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فرانزک سائنس ایجنسی میں بھی ملزم نے قتل کا اقرار کیا ، مقتولہ کے معدے سے حاصل کیے گئے نمونوں کا تجزیہ کیا جارہا ہے، موقع سے حاصل کی گئی فوٹیج سے ملزم کا چہرہ مطابقت رکھتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فرانزک سائنس نے ظاہر جعفرکا جھوٹ پکڑنے کا ٹیسٹ بھی کرنا تھا ، لیکن پولیس نے یہ کہہ کر ٹیسٹ نہیں کروایا کہ اس کی ضرورت نہیں ہے ، موقع سے حاصل کی گئی وڈیو سے بھی ملزم کا چہرہ ملتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کے مطابق ملزم نےنور مقدم کو قتل کرنےکے بعد اپنے والد،دوستوں اورکئی افراد سے رابطےکیے، ظاہر جعفر نےکسی کو کہا ڈاکو آگئے،کسی سےکہا کہ میری زندگی خطرے میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نےقتل کےفوراً بعد اپنےوالد کو پہلی کال کی، جس کے بعد ملزم کے والد نے اپنےدوست کو بتایا کہ ظاہر نےکچھ گڑبڑکردی ہے،آپ ظاہرکے پاس گھر پہنچ جائیں۔ مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ظاہر جعفر کے والد نے بیٹےکی کال ریسیو کرنےکے بعد تھراپی مرکز کے ڈاکٹر کو فون کیا اور فوری گھر جاکر ظاہر جعفر کو دیکھنے کا کہا، ڈاکٹر کے سوال کرنے پر ظاہر کے والد نےکہا، آپ سمجھدار آدمی ہیں،آپ سمجھ گئےہیں میں کیا کہہ رہا ہوں آپ چلے جائیں۔
ملزم نے آخری کال اپنی ایک خاتون دوست کو کی اور اسے بھی گھر آنے کے لیے کہا تھا، ظاہر جعفر نے دوست سے کہا کہ والدہ اور ڈاکٹر اسے تھراپی مرکز میں داخل کروانا چاہتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم مکمل ہوش میں تھا اورچالاکی سےکوشش کر رہا تھا کہ صورتحال سے نکلاجائے۔یاد رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔ خاتون کو تیز دھار آلے سے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا۔ لڑکی کا گلا کاٹنے کے بعد سر کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert