’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بلآخر سنیما گھروں کی زینت بننے کو تیار

لاہور (قدرت روزنامہ)طویل مدت کے انتظار کے بعد بلآخر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ معروف ہدایت کار، مصنف اور اداکار بلال لاشاری نے بطور ہدایت کار اپنی دوسری فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو کئی بار تاخیر کے بعد 30 ستمبر 2022ء کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلم کی لیڈ کاسٹ میں مشہور اداکار فواد خان، ماہرہ خان اور دیگر اہم کرداروں میں عمائمہ ملک، گوہر خان، فارس شفیع، شفقت چیمہ، نیر اعجاز اور حمزہ علی عباسی بڑے پردے کی زینت بنیں گے۔
واضح رہے کہ فلم کو 2018ء میں مکمل ہونے کے بعد ریلیز کیا جانا تھا لیکن اس وقت کاپی رائٹ کے مسائل کے باعث فلم کی ریلیز پہلی بار تاخیر کا شکار ہوئی تھی، اس کے بعد کئی بار اعلانات کے باوجود مختلف وجوہات کی وجہ سے فلم کو ریلیز نہیں کیا جا سکا۔
ایک بار پھر رواں سال ستمبر کے آخر میں فلم کو شائقین کے لیے پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا طویل مدت تک انتظار کروانے والی یہ فلم سنیما اسکرین پر اپنا جادو چلانے میں کامیاب ہو سکے گی یا نہیں۔