کم سن طالب علم کی ناراض ٹیچر کو منانے کی دلچسپ ویڈیو وائرل
نئی دہلی(قدرت روزنامہ) ٹیچرز کے ہاتھوں طلبا کی پٹائی کی بہت سی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں لیکن آج جس ویڈیو نے لوگوں کا دل موہ لیا ہے وہ پرائمری اسکول کے ایک معصوم طالب علم کے اپنی ٹیچر کو منانے اور غلطی کو نہ دہرانے کے وعدے کی ہے۔ اس ویڈیو پر صارفین نے بھی مزے مزے کے کمنٹس کیے۔ والدین کے بعد سب سے گہرا رشتہ اساتذہ کا ہوتا ہے اور چھوٹے بچے تو اپنے ٹیچرز کے کافی قریب ہوتے ہیں۔ اس کا اظہار ایک ویڈیو میں ہوتا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کی آگ کی سی تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معصوم طالب علم کرسی پر بیٹھی بظاہر ناراض نظر آتی اپنی ٹیچر کو منا رہا ہے اور ٹیچر بار بار ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ تم ہر بار وعدہ کرتے ہوئے اور پھر کلاس میں وہی کرنے لگتے ہو۔ اب میں تم سے بات نہیں کروں گی۔
اس پر بچے کی پریشانی دیدنی ہوتی ہے اور وہ خفا ٹیچر کو منانے کی کوششیں اور تیز کردیتا ہے۔ کبھی غلطی نہ دہرانے کی یقین دہانی کراتا ہے تو کبھی ان کے کندھوں پر اپنے ہاتھ رکھ کر چہری قریب لاتا ہے تاکہ آنکھ سے آنکھ ملا کر معافی مانگ سکے۔ وہ ایک موقع پر پیار بھی کرلیتا ہے۔
ऐसा स्कूल मेरे बचपन में क्यों नहीं था 😏😌 pic.twitter.com/uHkAhq0tNN
— ज़िन्दगी गुलज़ार है ! (@Gulzar_sahab) September 12, 2022
بچے کو اتنا لاڈ کرتا دیکھ کر ٹیچر کا دل پگھل جاتا ہے اور وہ بچے سے غلطی نہ دہرانے کا وعدہ لیکر اسے معاف کردیتی ہیں اور بچہ انھیں پیار کرتا ہے۔
اکثر صارفین نے بچے اور ٹیچر کے درمیان مضبوط جذباتی رشتے کی تعریف کی تاہم کچھ صارفین اپنے زمانہ طالب علمی میں ایسی ٹیچرز میسر نہ آنے پر آہیں بھرتے نظر آئے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ویڈیو کس اسکول ہے تاہم اس ویڈیو کو گلزار صاحب نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا ہے۔