پاکستان
مفتاح اسماعیل نے اعظم سواتی وڈیو معاملے پر عمران خان کی حمایت کردی
کراچی (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے اعظم سواتی ویڈیو کے معاملے پر عمران خان کے بیان کی حمایت کردی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی عمران خان کو ری ٹوئٹ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی، لیکن یہاں مجھے ان سے اتفاق کرنا ہوگا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اعظم سواتی کی اہلیہ سے متعلق ویڈیو سامنے آنا واضح طور پر اخلاق سے گرا ہوا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ میرے ملک میں ایک عزت دار خاتون کی اتنی تذلیل ہو سکتی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے اعظم سواتی اور ان کی اہلیہ سے متعلق ویڈیو جاری ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا پاگل پن اب بند ہو جانا چاہیے۔