عمران خان کا وژن بھینس بیچنے سے شروع، گھڑی بیچنے پر ختم ہوتا ہے: حافظ حمد اللّٰہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وژن بھینس بیچنے سے شروع اور گھڑی بیچنے پر ختم ہو جاتا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ نے بہاولنگر کے علاقے منچن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی معیشت انڈے، مرغی سے شروع، کٹے اور بھینس پر ختم ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان کو الیکشن کی تاریخ ہم دیں گے، الیکشن اکتوبر میں ہوں گے۔حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات نے اجازت نہیں دی تو الیکشن اکتوبر 2024ء میں ہوں گے، عمران خان اپنی مرضی سے الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنا بچوں کا کھیل نہیں، کرکٹ نہیں یہ سیاست ہے، کل عمران خان نے مذاکرات کی بات کی اور آج مذاکرات سے منحرف ہو گئے۔پی ڈی ایم کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان مرضی کا چیف الیکشن کمشنر، آرمی چیف، چیف جسٹس، قانون و آئین چاہتے ہیں، عمران خان کی سیاست بیساکھیوں پر قائم ہے۔