بھارت کی پاکستان کو دھمکی، اعظم سواتی کے ٹوئٹ کی حقیقت سامنے آگئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے نریندر مودی کی دھمکی کا ملبا موجودہ حکومت پر ڈال دیا۔سینیٹر اعظم سواتی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تقریر کا وائرل کلپ شیئر کیا جس میں اُنہیں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’ہم نے پاکستان کی ساری ہیکڑی نکال دی اور اسے کٹورا لے کر دنیا بھر میں گھومنے پر مجبور کر دیا‘۔
مذکورہ کلپ کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’رجیم چینج کے سہولت کاروں سنو، انڈیا کا مودی پاکستان کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے؟ اگر غیرت نام کی کوئی چیز تم میں نہیں تو شرم تو کرو؟ پاکستان کے لوگو: اس لئے اپنے اس ملک کو بچانے کا واحد راستہ عمران خان کے سنگ حقیقی آزادی ہے‘۔
رجیم چینج کے سہولت کارو۔
سنو انڈیا کا مودی پاکستان کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے؟ اگر غیرت نام کی کوئ چیز تم میں نہیں تو شرم تو کرو؟ پاکستان کے لوگو: اس لئے اپنے اس ملک کو بچانے کا واحد راستہ عمران خان کے سنگ حقیقی آزادی ہے. pic.twitter.com/yvRIsoTKPf— Senator Azam Khan Swati (@AzamKhanSwatiPk) January 11, 2023
تاہم اب اس وائرل کلپ کی حقیقت سامنے آگئی۔مذکورہ ویڈیو کلپ حالیہ نہیں بلکہ 3 سال قبل 21 اپریل 2019 یعنی گزشتہ حکومت کے دور کا ہے۔
جب بھارتی وزیر اعظم راجستھان کے باڑمیر میں انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے، اس وقت پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان تھے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما نے یہ ویڈیو جنیوا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں شریک ممالک اور اداروں کی طرف سے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرین کی مدد کے اعلان کے تناظر حالیہ سمجھ کر شیئر کی تھی۔