شادی کے دوران دولہے والوں نے ایسا مطالبہ کردیا کہ دلہن نے بارات ہی واپس بھجوادی

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بھارت میں دولہے والوں کی طرف سے جہیز کا مطالبہ کیے جانے پر دلہن نے شادی سے ہی انکار کر دیا اور بارات خالی واپس لوٹا دی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ریاست ہماچل پردیش کے شہر بنگانا میں پیش آیا جہاںدولہا بارات لے کر آیا تو اس نے مطالبہ کر دیا کہ دلہن کے والدین جہیز میں اسے کار دیں۔

دولہا والوں کی طرف سے اس کے علاوہ بھاری رقم اور طلائی زیورات کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ دولہا والوں کے مطالبات سن کر دلہن کے ماں باپ تو سکتے میں آ گئے مگر لڑکی نے ہمت کی اور شادی سے انکار کر دیا، جس کے بعد بارات خالی ہاتھ واپس چلی گئی۔ دلہن کی بہن کی مدعیت میں دولہا اور اس کے والدین کے خلاف جہیز مانگنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔