پنجاب

پارلیمنٹ میں آئین کا تماشا بنانے والوں کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے: پرویز الہٰی


لاہور(قدرت روزنامہ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق وفاقی وزیر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ایم این اے آفتاب احمد خان کھچی، ایم این اے اورنگزیب خان کھچی، سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، شہزاد خان کھچی، سید محمد سلیم ، سید محمد احمد، سید منان شاہ اور چودھری عبدالرؤف شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے حکومتی بل سے ساری ہوا نکال دی ہے، حکومت غیر آئینی بل کے ذریعے سپریم کورٹ کے اندر تفریق پیدا کرنا چاہتی تھی، سپریم کورٹ نے عدلیہ میں انتشار پیدا کرنے کی حکومتی سازش ناکام بنا دی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے جرأت مندانہ فیصلے دنیا میں پاکستانی عدلیہ کا وقار بلند کر رہے ہیں، چیف جسٹس اس وقت پوری قوم کے ہیرو بن چکے ہیں، ان کے خلاف کوئی بھی سازش عوام برداشت نہیں کریں گے، فل کورٹ کا مطالبہ کرنے والے کس منہ سے اکثریتی فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ 8 رکنی اکثریتی بینچ نے دو تین اور تین چار کی ساری بحث ختم کر دی ہے، ہر ادارے کے سربراہ کے پاس کچھ خاص اختیارات ہوتے ہیں، چیف جسٹس کو ان کے سربراہی کے اختیارات سے محروم نہیں کیا جا سکتا، پارلیمنٹ میں عوام کے بجائے صرف حکومت بچانے کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا حکومت نے پارلیمنٹ جیسے با وقار ادارے کو کامیڈی تھیٹر بنا کے رکھ دیا ہے، پارلیمنٹ میں آئین اور قانون کا تماشا لگانے والوں کو عوام الیکشن میں نشان عبرت بنا دیں گے، حکومت کو الیکشن ہر حال میں کرانا ہی پڑیں گے فرار کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں