کچہ آپریشن؛ پولیس کی بڑی کارروائی میں 8 ڈاکو گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد


رحیم یار خان(قدرت روزنامہ) پولیس کی جانب سے جاری کچہ آپریشن کے دوران ایک بڑی کارروائی میں 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے . کچے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن 17 ویں روز بھی جاری ہے .

اس دوران کامیاب حکمت عملی کے تحت پولیس نے کچی لُنڈ میں دلانی اور عمرانی گینگ کے خلاف بڑی ٹارگٹڈ کارروائی کی اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے 3 جدید کلاشنکوف، رپیٹرز ، متعدد میگزینز اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں . علاقے میں پولیس کی پیش قدمی تاحال جاری ہے .
پولیس کے مطابق دلانی اور عمرانی گینگ نے کچی لُنڈ میں خفیہ ٹھکانے بنا رکھے تھے، جہاں سے وہ سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے تھے . پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران کچی لُنڈ میں انٹری کے لیے کشتیوں کا استعمال بھی کیا گیا . کچہ کے مختلف علاقوں میں پولیس پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے تحت کامیابی سے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے .
پولیس کے گرینڈ آپریشن میں اب تک 3 ڈاکو ہلاک اور 28 سے زائد گرفتار ہوچکے ہیں جب کہ جرائم پیشہ عناصر کے خفیہ ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں بھاری ہتھیار ، راکٹ لانچر، لانگ مشین گن، ہینڈ گرینیڈز، درجنوں شارٹ مشین گنز اور ہزاروں کی تعداد میں مختلف بورز کی گولیاں و بارود برآمد ہوا ہے .
کچے کے اغوا کاروں اور ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانے تباہ کرکے ریاست اور قانون کی حکمرانی قائم کرتے ہوئے پولیس کیمپس قائم کردیے گئے ہیں . آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید آپریشن کی نگرانی جب کہ ڈی پی او رضوان عمر گوندل پولیس فورس کی کمانڈ کر رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں