اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارتِ خزانہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کےدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پا گیا ہے . وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا .
آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی . وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالرز، سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز اور یو اے ای سے 1 ارب ڈالرر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی .
پلان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے 50، 50 کروڑ ڈالرز کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی . وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالرز قرض کے معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے .
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس سے قبل ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا . آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس کل ہو گا، جس میں بورڈ تقریباً 1.1 ارب ڈالرز کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا .