راہول ڈریوڈ کو پاکستان کے ایشیاکپ کے فائنل میں پہنچنے کی امید
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانایشیاکپ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔ایشیا کپ 2023 کا شیڈول بالآخر بدھ کے روز منظر عام پر آگیا ہے جس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان 2 ستمبر کو کینڈی میں میچ کھلا جائے گا۔
پہلی بار پاکستان اور سری لنکا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔ بھارت اور پاکستان دونوں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جب کہ ممکنہ طور پر ایشیاکپ کے 16 ویں ایڈیشن میں روایتی حریفوں کے درمیان 19 دنوں کے اندر تین مقابلے متوقع ہیں۔اگر دونوں ٹیمیں سپر 4 مرحلے میں کوالیفائی کرتی ہیں تو وہ 10 ستمبر کو کولمبو میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی جب کہ فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے۔
بھارت کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران شیڈول پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ شیڈول سامنے آگیا ہے اور اگر ہم سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرتے ہیں تو بھارت کو پاکستان کے خلاف تین میچز کھیلنے ہوں گے۔
انہوں نے پاکستان اور نیپال کے خلاف ابتدائی میچز پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیا لیکن ساتھ ہی انہوں نے پاک بھارت فائنل کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہا کہ ’’میں جانتا ہوں کہ ہم پہلے دو میچز میں پاکستان اور نیپال سے کھیلنے جارہے ہیں اس لیے ہمیں اس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دونوں میچز جیت کر دیکھنا ہوگا کہ ٹورنامنٹ کہاں جارہا ہے۔ اگر ہمیں پاکستان کے خلاف تین بار کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو یہ بہترین ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچیں گے اور امید ہے کہ پاکستان بھی ایسا کرے گا‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2022 میں ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سال کے آخر میں شیڈول تھا جب کہ اس کے برعکس رواں سال کا ایڈیشن 50 اوور پر مشتمل ہوگا کیونکہ اکتوبر، نومبر میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ شیڈول ہے۔