پاکستان

توشہ خانہ کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر مریم نواز کا ردعمل


چوری کی ہوئی ہے اسی لیے تلاشی سے بچ رہے ہیں،مریم نواز کا ٹویٹ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے فیصلہ جاری کیا، ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سیشن کورٹ قابل سماعت ہونے کا معاملہ دوبارہ سن کر فیصلہ کرے،عدالت نے کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کر دی،ہائیکورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جار کر دیا،عدالت نے گواہوں کی فہرست مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف ارگنائزر مریم نواز شریف نے بھی رد عمل کا اظہار کیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چوری کی ہوئی ہے اسی لیے تلاشی سے بچ رہے ہیں۔


دوسری جانب سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی۔ سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان نے کیس منتقلی کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی،درخواست گزار کے مطابق توشہ خانہ کیس ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے۔ درخواست گزار سپریم کورٹ سے اس موقع پر فیصلہ نہیں چاہتے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا حکمنامے میں کچھ اور شامل کرانا چاہتے ہیں؟ وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ عدالت پہلے ہی بہترین حکم جاری کر رہی ہے،عدالت اس کیس کو نمٹانے کے بجائے خارج کرے۔ سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس روکنے کی عمران خان کی درخواست نمٹا دی،عدالت کی جانب سے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹائی گئی۔

متعلقہ خبریں