پنڈی میٹرو بس میں آتشزدگی: مسافروں نے چلتی بس سے چھلانگیں لگادیں، خاتون اور مرد زخمی
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) رحمان آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آتشزدگی کے سبب مسافروں نے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگادیں، ایک خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی میٹرو بس کے انجن میں آگ لگی جس سے بس میں دھواں بھر گیا، بس میں موجود مسافروں میں بھگڈر مچ گئی، مسافروں نے چلتی بس کے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگائی جس میں خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچی کر دونوں زخمیوں کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا، آگ لگنے کے واقع کے بعد میٹرو بس سروس ایک گھنٹے تک معطل رہی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
میٹرو بس حکام کا کہنا تھا کہ انجن میں خرابی کے باعث بس میں دھواں بھرنے سے بھگدڑ مچی جس سے مسافر پریشان ہوئے، میٹرو بس کو جزوی نقصان پہنچا ہے جس کو فوری طور پر مرمت کے لیے میٹروبس ڈپو منتقل کرکے میٹرو بس آپریشن کو بحال کردیا ہے۔