پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف کیوں نہ مل سکا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات پرعوام کو ریلیف دینے کی بجائے قیمتوں کو برقراررکھا ہے۔
ذرائع کےمطابق حکومت کی جانب سے عوام کو قیمتوں پر ریلیف دینے کی بجائےلیوی،ڈیلرز اور کمپنیوں کے منافع میں اضافہ کیا، دستاویزات کے مطابق ڈیزل پر 6 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول پر عوام کو 3 روپے فی لیٹرسے زائد کا ریلیف نہیں دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عوام کیلیے قیمتوں میں کمی کی بجائے لیوی ، ڈیلرز اور کمپنیوں کا منافع بڑھادیا۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5روپے 56پیسے کمی ہوئی ،جس کے بعد ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 5 روپے فی لیٹر بڑھادی گئی۔ ڈیزل پر آئل کمپنیوں اور ڈیلر مارجن میں بھی 88پیسے اضافہ کیا گیا۔
پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی 3روپے 17پیسے کمی ہوئی، پیٹرول پر او ایم سی مارجن میں 47 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، مارجن 7.87 روپے مقرر کردی گئی۔
پیٹرول پر ڈیلر مارجن بھی 41 پیسے فی لیٹر بڑھا کر8.64 روپے مقرر کردیا گیا۔
دوسری جانب ڈیزل پر بھی تیل کمپنیوں کے مارجن میں 47 پیسے اضافہ کردیا گیا،نئی شرح 8.12 روپے مقرر کردیا گیا جبکہ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 41 پیسے بڑھا کر8.64 روپے کردیا گیا۔