بی ایس فیسوں میں اضافہ واپس ، طلبا کو درپیش مسائل حل کیے جائیں، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن آئی ٹی یونیورسٹی کے سیکرٹری حسیب اللہ کے زیر صدارت یونیورسٹی کے نااہل انتظامیہ اور یونیورسٹی میں طلبائ کے متعدد مسائل کےخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاج سے ضلعی اطلاعات سیکرٹری حفیظ اللہ یاد، ضلعی سیکرٹری یار محمد بریال، زونل آرگنائزر سیف اللہ کاکڑ اور حسیب اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی غریب طلبائ پر تعلیم کے دروازے بند کرنے سے باز آئے۔ ایچ ای سی کے رول کے برخلاف رواں سال کے کمرتوڑ فیسوں کے سٹکچر کو واپس لیا جائے۔ یونیورسٹی کے بند ہاسٹل کو کھول کر صوبے بھر کے دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبائ کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فال 2019 کے طلبائ کو لیپ ٹاپ سکیم میں شامل کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے بسوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ مکمل روٹس پر چلایا جائے۔ مقررین نے کہا کہ اساتذہ کے جائز حقوق کی پائمالی کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ بری طرح سے متاثر ہورہا ہے جس کی ذمہ دار یونیورسٹی کی نااہل انتظامیہ ہے اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اساتذہ کے جمہوری و آئینی حقوق کے جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ اگر یہ مطالبات نظر انداز کئے گئے تو پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سخت احتجاج کی طرف جائیگی۔