جاپان زلزلے میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں: سفیر پاکستان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جاپان میں تعینات پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق جاپان میں آنے والے زلزلے میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔جاپان کے مختلف علاقوں میں زلزلے اور سونامی وارننگ کے بعد ایک بیان میں سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے کسی بھی مشکل صورتِ حال میں رابطے کے لیے ہاٹ لائن بنا دی ہے۔واضح رہے کہ وسطی جاپان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جاپان میں زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی، جاپان میں زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ جاپان کے نوتو ریجن میں آیا، نوتو ریجن میں سونامی کے باعث لہریں 5 میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا کے مطابق اشی کاوا، نیگاتا، تویوما صوبوں کے ساحلی ریجن کیلئے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جاپان کے صوبے اشیکاوا کی بندرگاہ پر 1.2 میٹر بلند سونامی لہر ریکارڈ کی گئی۔