ہم منتخب نمائندے ہیں، عوامی مشکلات کو سننا اور حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تمام حکومتی اراکین کو عوام کے مسائل کو صبر و تحمل سے سننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں عوامی مشکلات کو سننا اور حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز حکومتی رکن اسمبلی اور جامعہ بلوچستان کی پروفیسر کے مابین تکرار کے بعد جہاں ایک طرف پروفیسر سے رابطہ کیا وہاں حکومتی اراکین اسمبلی کو صبر و تحمل کی تلقین بھی کی وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ ہمیں عوامی مسائل کو حل کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے عوام کا اعتماد ریاست اور اسکے نظام پر بحال کرنا ہماری ذمہ داری ہے گورننس کی بہتری اور عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے غلطی کرسکتے ہیں لیکن بدنیتی اور بددیانتی نہیں ہوگی وزیر اعلٰی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست بالخصوص پیپلزپارٹی کیلئے خواتین کا احترام سب سے زیادہ مقدم ہے پارٹی کی قیادت دو خواتین محترمہ نصرت بھٹو اور بی بی بے نظیر بھٹو شہید نے کی جن کی رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ ہے وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جامعات ہوں یا صوبے کی گورننس کے مسائل انکے حل کیلئے حکومت کو عوامی مدد درکار ہوگی جامعات کا مالی بحران حل کریں گے تاہم اس کی وجوہات کا تعین بھی کریں گے ، وزیر اعلٰی نے واضح کیا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان میں مالی بے ضابطگیوں کا احتساب کیا جائے گا جامعہ بلوچستان میں گھوسٹ ملازمین کا مسئلہ سنجیدہ نوعیت کا ہے جس کو حل کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری یا خود مختار اتھارٹی احتساب سے مبرا نہیں۔