اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے سعودی عرب کو پی آئی اے اور ایئر پورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش کر دی . ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، سعودی وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی سے ملاقات کی .
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی مہمانوں کا استقبال کیا، ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی .
سعودی وفد نے ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے ارکان سے تفصیلی ملاقات کی اور ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی نے سعودی وفد کو سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ دی . سعودی وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیا .
پاکستان نے سعودی عرب کو اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر اور مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی پیشکش کی .
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے، برادرانہ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے .
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سونا، تانبا اور دیگر قیمتی معدنیات کے ذخائر ہیں، مائننگ سیکٹر سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا ہے . اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئی ٹی اور کان کنی کے شعبے میں تعاون دونوں ملکوں کے لیے مفید ہے، پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گا .