انگلش بولنا مشکل لگتا ہے؟ تو اب گوگل آپ کی مدد کرے گا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ویسے تو انٹرنیٹ پر ہر چیز کو جاننے کے لیے لوگ گوگل کا رخ کرتے ہیں۔
مگر آپ انگلش زبان بولنا سیکھنا چاہتے ہیں تو گوگل اس میں بھی آپ کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
گوگل کی جانب سے حالیہ برسوں میں ایسی متعدد سروسز جیسے گوگل اسسٹنٹ اور ٹرانسلیٹ پر متعارف کرائی گئی ہیں جو مختلف زبانوں کے ترجمے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
مگر اب گوگل کی جانب سے ایک ایسی سروس متعارف کرائی گئی ہے جو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے گوگل سرچ کی مدد سے صارفین کو انگلش بولنے یا سیکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔
اسپیکنگ پریکٹس نامی فیچر کے ذریعے صارفین اپنی انگلش بولنے کی صلاحیت کو بہتر کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر ارجنٹینا، کولمبیا، انڈونیشیا، بھارت، میکسیکو اور وینزویلا میں متعارف کرایا گیا ہے جسے صارفین کی انگلش بولنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ فیچر اکتوبر 2023 میں متعارف کرائے گئے ایک فیچر پر مبنی ہے جس کا مقصد بھی لوگوں کو انگلش بولنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
اکتوبر 2023 کے فیچر میں صارفین کو جملوں کی مشق کرائی جاتی تھی، مگر اسپیکنگ پریکٹس کے ذریعے مشق کے اس عمل کو زیادہ بہتر کیا گیا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارفین سے گفتگو کے دوران استعمال ہونے والے جملوں سے متعلق ایک سوال پوچھا جاتا ہے جس کا جواب مخصوص الفاظ میں دینا ہوتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد صارفین کو انگلش میں بات چیت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے اور وہ یہ بھی یہ سیکھ سکیں گے کہ مختلف الفاظ کو جملوں میں کیسے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کی مدد سے گوگل کو ڈولینگو اور ایسی دیگر ایپس کو ٹکر دینے میں مدد ملے گی جو لوگوں کو مختلف زبانیں بولنے یا لکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
گوگل کو دیگر ایپس پر گوگل سرچ کی بدولت بھی سبقت حاصل ہوگی جس کا استعمال اربوں افراد کرتے ہیں۔