اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت نے ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے . وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے بڑے فیصلے کیے، جس کے مطابق پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی .
اس سلسلے میں یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی .
وزیر داخلہ نے یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف، مزید بہتر اور تیز رفتار بنانے کا پلان طلب کرلیا .
محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نادرا سینٹرز کے دورے کیے ہیں اور حالات کا جائزہ لیا ہے، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے . ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سینٹرز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو . انہوں نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کرتے ہوئے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید سینٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی .
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لیے مؤثر ایکشن کا حکم دیا . انہوں نے نادرا آپریشنل روم کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک بھر کے نادرا سینٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی . وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا .
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس روم میں اہم اجلاس ہوا، جس میں نادرا کو عوام کے لیے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا . وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے .