اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال، پاکستان میں سالانہ کتنے لاکھ لوگ موت کے منہ میں جارہے ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیکٹیریا کی وجہ سے ہونے والی انفیکشنز کے نتیجے میں پاکستان میں سالانہ 3 لاکھ افراد براہِ راست جاں بحق ہو رہے ہیں جبکہ سالانہ 7 لاکھ افراد مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہوکر موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔
اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس یا اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف بیکٹیریا میں بڑھتی ہوئی مزاحمت، دل کی بیماریوں اور ماں اور بچوں کی ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں اموات کا تیسرا بڑا سبب ہے، پاکستان چین اور ہندوستان کے بعد اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں صرف 2023 میں 126 ارب روپوں کی اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کی گئیں۔
ماہرین صحت نے مشورہ دیا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات مستند ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر اور خود میڈیکل اسٹور سے خرید کر استعمال نہ کریں۔
کراچی میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کے حوالے سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے اظہار خیال کیا۔
کانفرنس کا انعقاد معروف فارماسیوٹیکل کمپنی گیٹس فارما نے وفاقی وزارت صحت، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے اشتراک سے کیا تھا۔
کانفرنس میں 1400 سے زیادہ ماہرین صحت بشمول وفاقی اور صوبائی ہیلتھ سیکریٹریز، چاروں صوبوں کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، پاکستان کی 13 سے زیادہ میڈیکل سوسائٹیز کے صدور اور جنرل سیکریٹریز سمیت میڈیکل اسٹوڈنٹس اور صحت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
اینٹی بائیوٹک ادویات کا غیرضروری استعمال ہورہا ہے، پروفیسر شہزاد علی
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر شہزاد علی خان کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹکس جادوئی ادویات تھیں جن کی وجہ سے عظیم جنگوں اور عالمی وباؤں کے دوران کروڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں لیکن کچھ عرصے سے ان ادویات کا غیر ضروری اور بے تحاشا استعمال ان ادویات کو غیر موثر بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اینٹی بائیوٹک ادویات کا بغیر طبی مشورے کے استعمال، ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں میں ان کا بے تحاشا استعمال اور اتائیوں کی حرکتوں کی وجہ سے جراثیموں میں ان ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہورہی ہے جو کہ اب ایک عالمی طبی چیلنج بنتا جارہا ہے۔
اینٹی بائیوٹک ادویات کا ٹافیوں کی طرح استعمال ہورہا ہے، پروفیسر جاوید اکرم
پنجاب کے سابق وزیر صحت اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے صدر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس بڑھتی ہوئی آبادی اور غیر متعدی بیماریوں کے بعد پاکستان کے لیے تیسرا بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جس کی بنیادی وجہ ان ادویات کا ٹافیوں کی طرح استعمال کیا جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات بھی زہر ہی کی طرح ہیں، جس طرح لوگ ازخود کینسر کی ادویات استعمال نہیں کرتے اسی طریقے سے انہیں اینٹی بائوٹک ادویات بھی بغیر طبی مشورے کے استعمال نہیں کرنی چاہیئیں۔
پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پر ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ، ملٹی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی سمیت نمونیا اور ڈائریا ایسی بیماریاں ہیں جن پر اب تھرڈ اور فورتھ جنریشن اینٹی بائیوٹک ادویات کا اثر نہیں ہورہا۔
پچھلے سال 126 ارب روپے کی اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کی گئی، ڈاکٹر آفرینش عامر
قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کی فوکل پرسن ڈاکٹر آفرینش عامر نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں پچھلے سال 126 ارب روپے کی اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جانوروں اور پولٹری میں بھی اینٹی بائوٹک ادویات کا بے تحاشہ استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں بیکٹیریا میں ان ادویات کے خلاف مزاحمت بڑھتی جا رہی ہے۔
بچوں کو ٹائیفائیڈ کی ویکسین لگوانے کا مشورہ
دنیا کے معروف پیڈیاٹریشن اور طبی سائنسدان پروفیسر ذلفقار بھٹہ نے اس موقع پر عوام الناس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ کی ویکسین ضرور لگوائیں جو کہ حکومت مفت میں بچوں کو لگا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔
ملک میں غیرمعیاری ادویات بھی فروخت ہورہی ہیں، وجیہہ جاوید
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گیٹس فارما کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر وجیہہ جاوید نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک کے بے دریغ استعمال کے ساتھ ساتھ ملک میں بننے والی غیر معیاری ادویات بھی اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس کا سبب بن سکتی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی کمپنی وفاقی وزارت صحت اور قومی ادارہ برائے صحت اسلام اباد کے ساتھ مل کر اینٹی مائکروبیل اسسٹنس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر گیٹس فارما اور پاکستان کی 13 میڈیکل سوسائٹیز، وفاقی وزارت صحت، قومی ادارہ برائے صحت اسلام اباد اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت یہ ادارے مل کر اینٹی بائیوٹک ادویات کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے میں اشتراک کریں گے۔