طلبا کے لیے خوشخبری، تعلیمی اخراجات کے لیے ڈیجیٹل فائنانسنگ کی جانب پیشقدمی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایڈوفی فائنانشل سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو نان بینکنگ فائنانشل کمپنی کا لائسنس جاری کردیا ہے، یہ ادارہ پاکستان میں ’اسٹڈی ناؤ، پے لیٹر‘ اقدامات کے لیے پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
ڈیجیٹل قرض کے لائسنس کے تحت ’اسٹڈی ناؤ، پے لیٹر‘ منصوبے کا تعارف طلبا کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے قرض حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت قائم کئے گئے تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا اولین منصوبہ ہے۔
صارفین کو بہتر تعلیمی سہولت فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مختلف ڈیجیٹل قرضوں کے کاروباری ماڈلز کو تسلیم کیا ہے جو باآسانی قرض کے حصول کے لیے سہولیات پیش کرتے ہیں۔
2023 کا سرکلر 12 انویسٹمنٹ فائنانس سروسز کے دائرہ کار میں مخصوص لائسنسنگ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے جاری کیا گیا تھا۔
اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مالی امداد کی پیشکش کرکے کم آمدنی والے طلبا کے لیے فنڈنگ کی رکاوٹوں اور مہنگے تجارتی مطالعاتی قرضوں پر انحصار کو کم کرنا ہے۔
اس شعبے میں خدمات متعارف کروانے والی پہلی کمپنی کے طور پر ایڈوفی فنانشل سروسز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ پاکستان میں تعلیمی قرضوں کے انتظام کو تبدیل کرنے میں راہنمائی کرے گی۔
کمپنی ایک صارف دوست ڈیجیٹل انٹرفیس تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو درخواست کے عمل کو ہموار کرے گا اور انفرادی طلبا کے مالی حالات کے مطابق ادائیگی کے لچکدار منصوبے پیش کرے گا۔
’ڈیجیٹل عمل کے ذریعے، طلبا اپنے قرضوں کے لیے آسانی سے درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا انتظام کر سکتے ہیں، جس سے وہ مالی مشکلات پر پریشان ہوئے بغیر اپنی پڑھائی پر توجہ دے سکتے ہیں۔‘
ڈیجیٹل فائنانسنگ کا یہ نیا باب کھل رہا ہے، اس میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند ہر پاکستانی طالب علم کے لیے تعلیم کو قابل رسائی اور سستی بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔