بلوچستان کے طلبہ کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے دروازے کھل گئے، معاہدے پر دستخط
لندن(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے جس کے ساتھ ہی بلوچستان کے طلبہ کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے دروازے کھل گئے۔ لندن میں حکومت بلوچستان اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے سمجھوتے پر دستخط کی تقریب میں ملالہ یوسفزئی، سینیٹر انوار الحق کاکڑ سمیت 150 مندوبین نے شرکت کی۔ معاہدے پر دستخط سے بلوچستان کے طلبہ کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے دروازے کھل گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے آکسفورڈ کے لیڈی مارگریٹ ہال میں بینظیر اسکالر شپ کا اعلان کیا۔ اعلامیے کے مطابق بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی واحد لیڈر تھیں جن کی تصویر لیڈی مارگریٹ ہال میں آویزاں ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ذہین طلبہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ کیلئے اسکالر شپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا غریب طالب علم وہاں پڑھے گا جہاں بینظیر بھٹو اور دیگر ہستیوں نے تعلیم حاصل کی، جمہوریت اور سماجی ترقی میں تعلیم کا بنیادی کردار اہمیت کا حامل ہے اور طلبہ کی اعلیٰ تعلیمی مواقع تک رسائی بینظیر بھٹو کوخراج عقیدت پیش کرنے کی کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی رہنمائی میں نوجوانوں کی تعلیمی ترقی اور بااختیار بنانے کا مشن جاری ہے، بینظیر بھٹو اسکالر شپ اس مشن پر عمل درآمد کی کڑی ہے۔