اسلام آباد

گوادر مستقبل میں بین الاقوامی شہرت یافتہ عالمی معیار کا پورٹ سٹی بنے گا، احسن اقبال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادرمستقبل میں بین الاقوامی شہرت یافتہ عالمی معیار کا پورٹ سٹی بن جائے گا جہاں عوام کے لیے بے پناہ مواقع ہوں گے۔
بیجنگ میں چینی خبررساں ادارے شنہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ گوادر اس خطے کی انتہائی اہم اور تزویراتی بندرگاہ ہے، چین نے سی پیک کے تحت گوادر سمیت پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، گوادر میں چین نے نہ صرف بندرگاہ کی سہولت دی بلکہ لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین نے گوادر کے لوگوں کے لیے ایک جدید ترین اسپتال بنایا ہے، جس میں کراچی یا لاہور جیسے بڑے شہروں کے اسپتالوں کی طرح اچھی سہولیات موجود ہیں، اسی طرح چین نے تکنیکی تربیت کا ادارہ قائم کرنے میں بھی مدد کی، اس کے علاوہ چین نے سولر پینلز سے غریب لوگوں کو بجلی فراہم کرنے میں بھی معاونت کی اور مقامی لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے دیگر اقدامات بھی کیے ہیں۔
احسن اقبال نے نشاندہی کی کہ چین نے اپنی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم گوادر کے نوجوانوں کے لیے وظائف بھی دیے ہیں۔ ’میں سمجھتا ہوں کہ چین کا تعاون علاقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے والا ہے جس کو سراہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ 2013 میں شروع کیا گیا سی پیک منصوبہ چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ اور گوادر پورٹ کو شمال مغربی چین کے خود مختار علاقے سنکیانگ میں کاشغر سے جوڑنے والا ایک کوریڈور ہے، جو توانائی، نقل و حمل اور صنعتی تعاون کو نمایاں کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ زراعت اور معاشیات جیسے شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں