وزیراعظم کی ملک بھر میں ہفتہ جشن عید میلادالنبیﷺ شایان شان سے منانے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ہفتہ جشن عید میلادالنبیﷺ شایان شان سے منانے کی ہدایت کردی . انہوں نے کہا کہ میں خود بھی پورا ہفتہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ مناؤں گا، پارٹی ورکرز، اتحادی جماعتیں اور پوری قوم عیدمیلاد النبی ﷺ بھرپور طریقے منائے .

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، مہنگائی، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور اورسیز کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، اجلاس میں ماہ ربیع الاول بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا . اجلاس کی اندرونی کہانی کے تحت وزیراعظم نے ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیئے وعدے پورے کیے جائیں گے . وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات ہر صورت الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہوں گے،اورسیز تیار رہیں ان کو ہر صورت ووٹ کا حق دیں گے . وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مہنگائی بڑھنے کے اسباب سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام کو اصل صورتحال بتائے کہ مہنگائی پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت کم مہنگائی ہے، اشیائے خوردونوش میں کمی کے ساتھ مراعات اور سبسڈی بھی دے رہے ہیں . وزیراعظم نے اعجاز چوہدری اور علی امین گنڈا پور کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا ذکر چھیڑنے پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے حق میں اپنی رائے دی اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں . اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ہفتہ عید میلادالنبیﷺ شایان شان سے منانے کی ہدایت کی کہ پارٹی ورکرز، اتحادی اور پوری قوم عیدمیلاد النبی ﷺ منائے، میں خود بھی پورا ہفتہ عیدمیلادالنبیﷺ مناؤں گا . . .

متعلقہ خبریں