راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی کی حساس اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنے والے کارسوار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا .
اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں اڈیالہ چوکی کے انچارج آفتاب احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا .
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے سیکورٹی اہلکاروں کو جان سے مارنے کی نیت سے گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی . گاڑی کی ٹکر سے کانسٹیبل فہد گر گیا اور بمشکل جان بچائی .
گاڑی کی ٹکر لگنے سے جیل گیٹ کا قبضہ ٹوٹ گیا،کنڈا کھلنے پر ملزم نے جیل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی . پولیس ، ایلیٹ فورس اور جیل سیکورٹی نے گھیرا ڈال کر ملزم کو گرفتار کرلیا . ملزم مبشرحسین کا تعلق سمندری سے ہے .