کوئٹہ(قدرت روزنامہ) قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال وائرس سے متاثرین کی تعداد 13 ہوگئی . انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئی تھیں .
ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ کے مطابق بچوں کو پولیو سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے . صوبہ بلوچستان میں ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کردیے ہیں . عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ میں پولیو کا پھیلاؤ زیادہ ہے . تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے جامع روڈ میپ نافذ کرنے کا عمل جاری ہے .
نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق نے کہا کہ پولیو پروگرام کے لیے وفاقی ٹیموں کا مکمل تعاون حاصل ہے . پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم برقرار ہے . والدین پولیو ویکسین کی مہم میں بھرپور حصہ لیں . پاکستان میں سال کا 13واں پولیو کیس ، بلوچستان سے 10واں اور قلعہ عبداللہ سے پانچواں کیس رپورٹ ہوا ہے . رواں سال سندھ سے 2 اور پنجاب سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے .