عالمی دنیا

بروس لی کے ہمشکل افغان اداکار نے برطانیہ جانے کی خواہش کا اظہار کردیا

کابل(قدرت روزنامہ)مارشل آرٹس چیمپئن بروس لی کے ہمشکل افغان اداکار طالبان سے جان بچاتے پھر رہے ہیں ، عباس علی زادہ مارشل آرٹس کے ماہر بروس لی سے متاثر ہیں ان دنوں کہیں بھی دو دن سے زیادہ قیام نہیں کرپارہے ۔تفصیلات کے مطابق 28 سالہ افغان اداکار عباس علی زادہ مارشل آرٹس کے ماہر بروس لی سے بہت زیادہ مشابہت رکھتے ہیں ۔
عباس علی زادہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے جنگی حالات ہی اس کی تربیت کرتے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس ان کا شوق ہے اور وہ بروس لی سے بہت متاثر ہیں وہ ان کو اپنا اس فن میں استاد بھی سمجھتے ہیں ۔عباس علی زادہ نے کہا کہ وہ ان دنوں بہت پریشان ہیں اور طالبان کے خوف کی وجہ سے کہیں بھی دو دن سے زائد قیام نہیں کرتے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوبیٹوں اور چار بھائیوں کے ہمراہ برطانیہ جانا چاہتے ہیں ۔ وہ مارشل آرٹس پر مبنی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں ۔
یاد رہے کہ افغان اداکار عباس علی زادہ اپنی ایکسرسائز کے دوران بنائی گئی ویڈیوز آن لائن شیئر کرتے رہتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ اگست میں طالبان کے آنے کے بعد سے اب تک اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ نہیں کرسکے ۔
برطانیہ میں عباس علی زادہ کے ویزے کے لئے کوشاں مہتاب عزیز کا کہنا ہے کہ عباس علی زادہ مجھ پر اعتماد کرتا ہے اس میں مارشل آرٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ہالی وڈ کی فلموں میں کام کرنے کا خواہشمند ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی کسی بات پر یقین کرنا مشکل ہے اور ایسے حالات میں عباس علی زادہ کو کسی بھی وقت مارا جاسکتا ہے ۔ وہ ان دنوں طالبان کے خوف کی وجہ سے کہیں بھی دودن سے زیادہ نہیں رکتا۔
یادرہے کہ افغانی اداکار عباس علی زادہ بروس لی کے ہمشکل ہیں اور ان کا قد کاٹھ بھی بروس لی جیسا ہی ہے ۔ افغان بروس لی ( عباس علی زادہ ) مارشل آرٹس کے چیمپئن بروس لی کے فین ہیں جو صرف 32 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے لیکن انہوں نے اپنے فن میں بے پناہ شہرت کمائی اور آج بھی ان کی فلموں کو مارشل آرٹس پر مبنی فلموں میں کلاسک کا درجہ دیا جاتا ہے ۔

متعلقہ خبریں