سوات دھماکا؛ کے پی حکومت کو غیرملکی سفارتکاروں کے دورے سے آگاہ کیا تھا، دفتر خارجہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)دفترخارجہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ( کے پی) کی حکومت کو غیرملکی سفارت کاروں کے دورے سے آگاہ کردیا تھا .
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ غیرملکی سفیروں کے دورے سے متعلق کے پی حکومت کو خط لکھا گیا تھا .

کچھ سفیروں نے انفرادی طور پر وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے اپنے سفر سے متعلق آگاہ کیا تھا . وزارت خارجہ کی جانب سے تمام پروٹوکول پورے کیے گئے تھے . اس حوالے سے تمام ثبوت وزارت خارجہ کے پاس موجود ہیں . اس بارے میں داخلی تحقیقات کی گئیں .
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے غیرملکی سفیروں کے دورے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا . چیمبر آف کامرس اسلام آباد کے خلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں . واقعے کے بعد ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے غیرملکی سفارت کاروں سے ملاقات کی . غیرملکی سفارت کاروں کو بھی متعدد مواقعوں پر جاری گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کا کہتے ہیں . پاکستان کسی بھی غیرملکی سفارت کار کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے .
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح وہاں امن و سلامتی کے حوالے سے متفکر ہے . ہم افغان ہمسایوں کے ساتھ مل کرکوشش کررہے ہیں کہ افغانستان دوسرے ممالک کے لیے خطرہ نہ بنے . افغانستان سے دہشتگردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے .
پاکستان افغانستان کو ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال ملک دیکھنا اور افغان عوام کی فلاح و بہبود چاہتا ہے . افغانستان کی سرزمین دہشت گرد استعمال کررہے ہیں اور ہماری سلامتی اور امن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں . پاکستان اور ایران قریبی ہمسائے ہیں . دونوں ممالک میں رابطے کے متعدد چینلز موجود ہیں . مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک اپنے عوام کی خوشحالی کے لیے کام کر سکتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں