لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت پنجاب نے لیگی پارلیمانی سیکرٹریز کیلیے کروڑوں روپے کی لاگت سے لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا .
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے نامزد کیے گئے پارلیمانی سیکریٹریز اور افسران کے لیے 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے کی لاگت سے 76 لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی .
پارلیمانی سیکرٹریز کے لیے 22 کروڑ روپے کی لاگت سے 29 لگژری گاڑیاں، اور ایس اینڈ جی اے ڈی کیلیے 9 کروڑ 96 لاکھ سے 15 گاڑیاں خریدی جائیں گی .
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے 76 لگژری گاڑیاں خریدنے کی درخواست کی تھی، ایس اینڈ جی اے ڈی نے پروٹوکول کیلیے 3 کروڑ 61لاکھ روپے کی لاگت سے دو لگژری گاڑیاں بھی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزرا کے پروٹوکول کیلیے 20 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے 30 لگژری گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی .