پاکستان

نئے چیف جسٹس کی تعیناتی، اسپیکر نے چیئرمین سینیٹ سے پارلیمانی کمیٹی کے نام مانگ لیے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیف جسٹس کی تقرری کے لیے مشاورتی عمل شروع ہوگیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ کو خط ارسال کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ کی آرٹیکل 175اے کی جانب چیئرمین سینیٹ کی توجہ مبذول کروائی اور خط میں لکھا ہے کہ آرٹیکل 175اے کی شق 3اے کے تحت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا قیام عمل میں لانا ہے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کیلئے سینیٹ ممبران کے نام دیئے جائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈرز سے رابطے کیے ہیں اور اسپیکر نے خصوصی کمیٹی کیلئے پارلیمانی لیڈرز سے شام تک نام مانگ لیے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے بھی پارلیمانی لیڈر سے رابطہ کیا ہے اور پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام دینے کی ہدایت کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے آج ہی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل متوقع ہے۔ وزارت قانون چیف جسٹس سے سینئر ججز کا پینل دینے کیلئے رابطہ کرے گی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے خصوصی کمیٹی کیلئے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، فاروق ایچ نائیک کے نام سامنے آگئے، اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ لیڈر کو خط ارسال کر دیئے۔ جے یو آئی کی جانب سے سینٹر کامران مرتضیٰ کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ممبر بنائے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں