ٹرمپ گنتی سے قبل ہی جیت کا اعلان کرسکتے ہیں: ہیرس کی انتخابی مہم کا تحفظات کا اظہار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کملا ہیرس کی انتخابی مہم ٹیم کے سینیئر رکن کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی دن ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی اپنی جیت کے اعلان کا دعویٰ کرسکتے ہیں، ان سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات میں صرف تین دن باقی رہ گئے، ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپلکنز کے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوئنگ اسٹیٹ میں ووٹروں کو کو قائل کرنے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس آج سے امریکی ریاست وسکونسن میں مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے سینیئر رکن کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہے کہ ٹرمپ ووٹوں کی گنتی سے قبل ہی اپنی جیت کا دعویٰ کردیں کیونکہ وہ ہر وقت جھوٹ بولتے رہتے ہیں تاکہ اپنی شکست کو مشکوک بنا سکیں ہیں جس کی انہیں پوری توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ یہ کام پہلے بھی کرچکے ہیں اور انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم جو کچھ کر رہی ہے اس سے قطع نظر کملا ہیرس اپنی انتخابی مہم کے ذریعے یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ ہر ووٹ اہمیت رکھتا ہے۔
ہیرس کی انتخابی مہم کے سینیئر رکن کا کہنا تھا کہ ہم ہر اس بات کا بھرپور جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں جو الزامات ڈونلڈ ٹرمپ کی کیمپین ہم پر لگا رہی ہے، ہم ان کے محاسبے کیلئے بلکل تیار ہیں۔