پنجاب

لاہور میں بدترین اسموگ، ایئر کوالٹی انڈیکس 1 ہزار ہوگیا


شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں، آئندہ 48 گھنٹے اسموگ کی شدت برقرار رہے گی، مریم اورنگ زیب
لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی سینئروزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھارت سے آلودہ ہوا لاہور میں داخل ہونے سے ہفتہ کی صبح شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار تک پہنچ گیا۔
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے کہنا تھا آئندہ 48 گھنٹے تک اسموگ کی شدت برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا، موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے۔
تاہم بعد ازاں دوپہر2بجے لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 199 پر پہنچ گیا، آلودہ شہروں کی عالمی فہرست میں لاہورتیسرےنمبرپرآگیا بھارت کا شہر دہلی پہلے نمبر پر آگیا۔
مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ لاہور میں پھیلنے والی اسموگ کی ناسا نے فضائی تصویر جاری کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 157 پر تھی، گزشتہ پانچ دن تک فضائی آلودگی اوسط 180پررہی تھی۔
ہوا کے ساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگیا جس سے صورتحال خراب ہوگئی ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ اسموگ میں شدید اضافے کے بعد شہری اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہری ماسک لازمی پہنیں سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد احتیاط کریں اور خاص طور پر بزرگ افراد کھلی فضا میں نہ جائیں۔

متعلقہ خبریں