پاکستان کو عالمی سفارتی تنہائی سے نکالنے میں اسحاق ڈار کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے: سردار سیدال خان ناصر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سردار سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سفارتی تنہائی اور معاشی بحران سے نکالنے میں بطور وزیر خارجہ اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے .
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں جہاں پاکستان معاشی طور پر بحران کا شکار تھا وہیں عالمی سطع پر بھی پاکستان تنہا ہوچکا تھا .
انہوں نے کہا کہ لیکن پھر شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کی حکومت نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی جس میں پاکستان نے نہ صرف معاشی طور پر بلکہ سفارتی طور پر بھی ٹیک آف کیا .
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کی اور پاکستان کو نہ صرف سفارتی محاذ پر سرخرو کیا بلکہ اپنے معاشی تجربے کی بنیاد پر معیشت میں بہتری کے لیے بھی پیچھے رہ کر شاندار خدمات انجام دیں .
سردار سیدال خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں شنگھائی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد اور اس میں اہم ترین عالمی رہنماؤں کی شرکت اس بات کا اشارہ کرتی ہے کہ پاکستان اب معاشی اور سفارتی طور پر دوبارہ ٹیک آف کرچکا ہے .
انہوں نے کہا کہ ان کا بطور سینیٹر انتخاب اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے میں بھی اسحاق ڈار کا اہم کردار ہے جبکہ میاں نواز شریف کا ان کی شخصیت پر اعتماد ان کی زندگی کا سرمایہ ہے . سید سیدال خان نے کہا کہ اسحاق ڈار ایوان کو بہترین انداز میں چلانے میں معاونت کرتے ہیں .
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اب معاشی اور سیاسی بحران سے نکل چکا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے، شرح سود کم ہوتی جارہی ہے .
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری آرہی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، یقین ہے کہ جلد ہی پاکستان عالمی برادری میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا اور جو لوگ ملکی حالات سے تنگ آکر ملک چھوڑ کر جارہے ہیں وہ پاکستان کے بہترین حالات دیکھ کر ملک میں ہی رہنا پسند کریں گے .