تمام شرائط منظور،چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی ہوگی،پی سی بی کی تصدیق


دبئی(قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے شرائط مان لی گئی ہیں اور ایونٹ کا انعقاد ہائبرڈ ماڈل کے تحت کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے معاہدے پر ایک یا دو روز میں دستخط ہو جائیں گے اور آئی سی سی خود اس کا باقاعدہ اعلان کرے گا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے معاوضے کا مطالبہ نہیں کیا۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت کی رضامندی کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ہائبرڈ فارمولے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی زیادہ تر تجاویز کو قبول کر لیا گیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پاکستانی ٹیم 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ پاک بھارت لیگ کا میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھارت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نہیں آئے گا اور دبئی میں اپنے حصے کے میچز کھیلے گا۔
اس فیوژن فارمولے کے تحت بھارت دبئی کو وینیو قرار دینے پر بضد ہے جب کہ پاکستان دبئی، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے 5 میچوں کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی نے میچز کی منتقلی کے لیے پاکستان کو معاوضے کی پیشکش بھی کی تھی تاہم پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اضافی معاوضے پر بات نہیں کی۔
تاہم اس کے بدلے میں محسن نقوی آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ 2027 کی میزبانی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔دریں اثنا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق 3 سالہ فیوژن ماڈل کو کل آئی سی سی سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔ جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *