چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، کوئی حرف نہیں آنے دیں گے، محسن نقوی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔ پاکستان کے اصولی مؤقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ کھیل کو کھیل رہنا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی گورننگ بورڈ کا 76واں اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام ٹیموں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔ پاکستانی تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا۔ پوری ٹیم دن رات اسٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے۔
اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ اجلاس کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ گورننگ بورڈ کو قذافی اسٹیڈیم، نیشنل اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا۔ گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی مؤقف کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں۔ پی سی بی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔