آئی فون صارفین خبردار، یہ ایپ آپ کے تمام پاسورڈز لیک کرسکتی ہے
اپنے موبائل کی سیٹنگز لازمی چیک کریں، کمپنی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی فون صارفین کو خبردار کیا گیا ہے جس میں انہیں اپنے موبائل فون کی سیٹنگز کا جائزہ لینے اور فون اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کی جانب سے ایپل کے صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل کی سیٹنگز لازمی چیک کریں اور اپنے فون کو فوراً اپ ڈیٹ کر لیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ موبائل میں ان کا ڈیٹا محفوظ ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ اگر کسی صارف نے حال ہی میں آئی او ایس 18 انسٹال کیا ہے تو ممکن ہے کہ اسے اپنے فون کی ہوم اسکرین پر’پاسورڈز’ نامی ایک ایپ دکھائی دی ہو جو خود بخود ڈاؤن لوڈ ہوجاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ’پاسورڈز‘ نامی یہ ایپ صارفین کے فون میں محفوظ کیے گئے تمام پاس ورڈز تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس ایپ کے حوالے سے ڈیویلپر اور سیکیورٹی ریسرچر ٹامی میسک نے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ ایپ ’اَن اِنکرپٹڈ‘ ایچ ٹی ٹی پی (ہائپر ٹیکسٹ ٹرانسفر پروٹوکول) کا استعمال کر رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر صارف کی جانب سے کسی بھی ویب پیج پر لاگ اِن ہونے کے لیے اس ایپ کا استعمال کیا گیا تو وہ اپنے قیمتی ڈیٹا سے محروم ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ آئی فون میں آنے والے اس مسئلے کو حل کر دیا گیا ہے لیکن یہ یقینی بنانے کے لیے کہ آئی فون صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہے اُنہیں اپنا فون روزانہ اپ ڈیٹ رکھنا ہوگا۔