چیئرمین پی سی بی کی جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے اور سیریز جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کردی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کرکے سیریز اپنے نام کی، محمد رضوان، بابراعظم اور کامران غلام نے عمدہ بلے بازی کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں جنوبی افریقا پر 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیتی، پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقا میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *