قازقستان میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

طیارے نے دھند کی وجہ سے اپنی سمت بھی تبدیل کی تھی اور ممکنہ طور پر پرندوں کے غول سے ٹکرا گیا تھا


قازقستان (قدرت روزنامہ)قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں عملے کے 5 افراد سمیت 72 مسافر سوار تھے جن میں سے 14 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دیگر مسافروں کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔ اسپتال پہنچائے گئے مسافروں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا لیکن دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔
فوری طور پر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے میں فضا پرندوں کے ایک غول سے ٹکرایا تھا۔
قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز جائے حادثہ پر آگ بجھانے کا کام کر رہی ہیں۔ حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *