بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوئی دباؤ نہیں، بنی گالہ منتقلی کی پیشکش نہیں کی، خواجہ آصف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کے لیے کوئی دباؤ نہیں، پی ٹی آئی کا ملک کو نقصان پہنچانے کا ہر حربہ ناکام ہوا، معاشی اشاریے آج بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کو جیل سے بنی گالہ یا کہیں اور منتقل کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی عدالتوں کے فیصلوں پر منحصر ہے، میں عدلیہ سے تعلق رکھتا ہوں نہ جوتشی ہوں کہ کوئی پیشگوئی کر سکوں، حکومت کی کوشش ہے کسی طرح سیاسی استحکام لایا جائے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو ہاؤس اریسٹ کرنے یا کہیں اور منتقل کرنے کے حوالے سے دعوے پی ٹی آئی والے خود ہی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئیں اور یورپ کے لیے پروازیں بحال ہوئی ہیں، فلائٹس کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی، برطانیہ کے لیے بھی جلد پروازیں چلائی جائیں گی، نارتھ امریکا تک یہ سلسلہ شروع کریں گے، 19 یورپی شہروں تک فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیالکوٹ میں جو پیداوار ہوتی ہے، ایکسپورٹ کی جاتی ہے، اس شہر کو ’بانڈڈ سٹی‘ قرار دیا جانا چاہیے، یہاں بزنس کمیونٹی نے ایئرپورٹ بنایا، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ اور نواز شریف نے بطور وزیراعظم سیالکوٹ کے لیے قابل فخر کردار ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *