لاہور:گنگارام اسپتال کی سوشل ویلفیئر آفیسر کا جعلی دستخط سے لاکھوں بٹورنے کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور کےگنگارام اسپتال کی سوشل ویلفیئر آفیسر کا جعلی دستخط کے ذریعے لاکھوں روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے مراسلے نے لاکھوں کی جعلسازی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے مراسلے میں بتایاگیا ہےکہ سوشل ویلفیئر آفیسر سمانیہ اختر 2 سال سے بیت المال کی رقم بٹورتی رہیں، سمانیہ اختر آؤٹ ڈور پرچی پر جعلی دستخط اور جعلی اسٹیمپ لگاتی رہی جن مریضوں کے نام سے ادویات خریدی گئیں، مریضوں کو ان کی ضرورت نہ تھی۔
مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہےکہ آؤٹ ڈور پرچی پر 26 مریضوں کے نام پر ادویات لکھ کر خریدی گئی ہیں جب کہ آؤٹ ڈور پرچیوں پر ڈاکٹر سیف الرحمان کے دستخط بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کے جعلی دستخط کیے گئے اور اسٹیمپ بھی جعلی لگائی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق ادویات کی مد میں 26 لاکھ 66 ہزار 850 روپے نکلوائے گئے لہذا ایم ایس گنگا رام اسپتال 2 سال میں نکلوائی گئی رقم کی تحقیقات کروائیں۔
اے ایم ایس گنگا رام ڈاکٹر عارف کا کہنا ہے کہ سمانیہ اختر کنٹریکٹ پر ملازم ہے اور سوشل ویلفئیر کے کئی افسران اس طرح کی جعلسازی میں ملوث ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *