مجھے سزا اس لیے سنائی گئی کہ کوئی ڈیل کرلوں، بانی پی ٹی آئی
عمران خان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مذاکراتی کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں، علیمہ خان
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے سزا اس لیے سنائی گئی کہ کوئی ڈیل کرلوں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں کررہا ہے۔ جتنی دیر جیل میں رکھنا ہے جتنے مرضی ایسے ججز لا کر بٹھا دیں میں دیل نہیں کروں گا مقدمات کا سامنا کروں گا۔ مجھے سزا اس لیے سنائی گئی کہ کوئی ڈیل کر لوں۔ اس فیصلے کا مذاکراتی کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ یہ کیس ہائی کورٹ میں جائے اور اب یہ کیس ہائی کورٹ میں جائے گا۔ انہوں نے 2 مطالبات پر بات کرنے کو کہا ہے۔ بشریٰ بی بی کو سہولت کاری پر 7 سال کی سزا سنائی گئی۔ یہ بھی تو بتائیں کہ یہ کون سی سہولت کاری ہے۔ اس کیس میں زرداری اور نواز شریف نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سزا دے دی گئی۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ میں جاکر یہ سارا کیس مزید کھلے گا اور یہ سارے نام آپ پھر سے سنیں گے۔ ناصر جاوید رانا پر سپریم کورٹ نے بھی اعتراض اٹھائے تھے۔ اس قسم کے ججز آپ ہائی کورٹ میں بھرنے کی کوشش کررہے ہیں جو چوری ،ڈاکا اور مینڈیٹ چور کو تحفظ دیں گے۔