ٹرمپ نے تعمیری تقریر کی، کوئی بیان آیا تو پاکستان اسے سنبھال لے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھانے کے بعد تعمیری تقریر کی، ہمیں عمران خان اور امریکا سے متعلق ہر گز کوئی پریشانی نہیں، اگر کسی امریکی نمائندے کا بیان آیا تو پاکستان اسے سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے سیاسی لوگوں نے اپنے دل کی خواہشات امریکا سے وابستہ کرلی ہیں، حالانکہ واشنگٹن کی اپنی ترجیحات اور مفادات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات میں دہشتگردی کے امور پر گفتگو ہوئی، سپہ سالار نے ان کو کہاکہ سیاسی امور پر سیاستدانوں سے بات کی جائے۔
واضح رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جوبائیڈن حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور کہاکہ اب ہمارے دور میں امریکا ترقی کرےگا۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔