بلوچستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش منزل بن رہا ہے،میر سرفراز بگٹی
ہم اسے مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا عالمی اقتصادی فورم کی تقریب سے خطاب
سوئٹزرلینڈ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں یہ خطہ عالمی برادری کے لیے ایک مثالی اقتصادی مرکز بن سکتا ہے بلوچستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش منزل بن رہا ہے ہم اسے مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سوئٹزرلینڈ میں پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو تھے اس تقریب میں دنیا بھر کے کاروباری اور ترقیاتی ماہرین نے شرکت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے جو ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے بلوچستان اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو 44 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور بے پناہ قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محل وقوع، اور وسیع اقتصادی مواقع سے مالا مال ہے بلوچستان بلا شبہ پاکستان کے علاقائی اور عالمی تجارت کے دروازے کی حیثیت رکھتا ہے گوادر پورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے سنگ بنیاد کے طور پر مرکزی حیثیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل جن میں ریکوڈک کاپر گولڈ مائن، کرومائیٹ، سنگ مرمر، اور قدرتی گیس کے وسیع ذخائر شامل ہیں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی زراعت اور ماہی گیری کے شعبے بھی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہیں یہاں اعلیٰ معیار کی کھجور، سیب، انار اور انگور کی پیداوار ہوتی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبے سرمایہ کاروں کے لیے وسیع روشن امکانات ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت نے خصوصی اقتصادی زونز جیسے گوادر فری زون، قائم کیے ہیں، جو ٹیکس چھوٹ، ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد، اور سرمایہ کاری کے لیے دیگر سہولیات فراہم کرتے ہیں اس کے علاوہ، صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے منڈیوں اور کمیونٹیز کو آپس میں جوڑنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا مطلب صرف اقتصادی ترقی نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے موجودہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مقامی کمیونٹیز کو ترقیاتی منصوبوں میں شریک کر رہی ہے تاکہ ترقی کے فوائد سے منصفانہ طور پر تمام مقامی لوگ استفادہ کرسکیں ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ ترقی کے ایک نئے دور کے دہانے پر کھڑا ہے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے ان مواقعوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان اور عالمی برادری کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں تقریب سے سابق وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔