پی ٹی آئی قیادت میں تبدیلی، بشریٰ بی بی کا کیا کردار ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے نئے صدر جنید اکبر کی تعیناتی کے بعد علی امین گنڈاپور کے کیمپ میں اضطراب اور بے چینی پائی جارہی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی کارکردگی پر پارٹی کے اندر سے سوالات تو اٹھائے جارہے تھے لیکن بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد پارٹی کے بیشتر رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کے سامنے بھی وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 24 نومبر کے مارچ سے قبل ہی وزیراعلیٰ علی امین اور بشریٰ بی بی کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے تھے تاہم 26 نومبر کے بعد بشریٰ بی بی نے علی امین گنڈاپور سے متعلق متعدد رہنماؤں سے فرداً فرداً بریفنگ لی۔
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے پاکستان تحریک انصاف کے اہم عہدیداران، کابینہ ارکان اور صوبے میں پارٹی کے نظریاتی کارکنان سے صوبے میں گورننس اور وزیراعلیٰ سے متعلق بریفنگ لی۔ ان بریفنگز کے دوران اکثر رہنماؤں سے یہ سوال پوچھا گیا کہ صوبے میں عمران خان کا وفادار کون ہے؟ خیبر پختونخوا حکومت میں کرپشن سے متعلق اٹھنے والی آوازوں کی کتنی صداقت ہے؟
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے عمران خان سے 26 نومبر کے بعد ہونے والی ملاقات میں باہر کی تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور صوبے کی گورننس سے متعلق رپورٹ دی۔ عمران خان نے صوبائی صدارت کا عہدہ لینے سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے صوبے میں گورننس کو بہتر بنانے کی ہدایات کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین سے صوبے میں مبینہ کرپشن کی بازگشت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور زیرو ٹالرینس ہے۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو گورننس بہتر بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے اہم ٹاسک بھی سونپے ہیں۔